خبرنامہ انٹرنیشنل

عرب اتحاد نے یمن کی بری، بحری اور فضائی حدود بند کردیں

عرب اتحاد نے یمن کی بری، بحری اور فضائی حدود بند کردیں

ریاض: (ملت آن لائن) سعودی عرب کی قیادت میں یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے تشکیل دیئے گئے عرب فوجی اتحاد نے عارضی طور پر یمن کی بری، بحری اور فضائی حدود بند کر دیں۔العربیہ ٹی وی کے مطابق عرب اتحاد کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یمن کی زمینی، فضائی اور بحری حدود کی بندش کا فیصلہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب باغیوں نے دو روز قبل سعودی عرب پرایک بیلسٹک مزائل سے حملہ کیا تھا۔ اگرچہ اس حملے کو ناکام بنا دیا گیا تھا مگر اس کے بعد عرب اتحاد نے یمن کے باغیوں کی طرف سے مزید حملوں سے بچنے کے لیے سرحد سیل کردی ہے۔بیان میں حوثیوں کے سعودی عرب پر بیلسٹک میزائل حملے کو ایران کی طرف سے مملکت پر براہ راست حملہ اور جنگ قرار دیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کو اپنے دفاع کا بھرپور حق حاصل ہے۔کسی ملک کو سعودی عرب کی سرزمین اور قوم کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اقوام متحدہ کے چارٹر 51 کے تحت عرب اتحاد نے عارضی طور پر یمن کی بری، بحری اور فضائی حدود بند کردی ہیں۔عرب اتحاد نے سلامتی کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ یمن سے متعلق قرارداد 2216 پر عمل درآمد کرتے ہوئے حوثی باغیوں کے خلاف فوری کارروائی کرے۔