خبرنامہ انٹرنیشنل

عمان نے غیرملکی ملازمین کے ورک ویزا پر پابندی لگادی

عمان نے غیرملکی ملازمین کے ورک ویزا پر پابندی لگادی

مسقط:(ملت آن لائن) عمان نے 87 مختلف شعبہ جات میں غیر ملکی ملازمین کے ’ورک ویزا‘ پر پابندی عائد کردی۔ عمان نے مقامی افراد کےمطالبے پر بے روزگاری پر قابو پانے کے لیے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں ہزاروں اسامیوں پر غیرملکی باشندوں کو ملازمت دینے پر 6 ماہ کے لیے پابندی عائد کردی ہے۔ اس ضمن میں حکام نے ایک حکم نامہ جاری کیا ہے کہ جس میں 10 مختلف سیکٹرز میں دیگر ممالک کے افراد کو ’ورک ویزا‘ کی بنیاد پر نوکری دینے سے منع کیا گیا ہے۔ ان سیکٹرز میں انفارمیشن سسٹم، ٹیکنیکل پروفیشنز، ایئرپورٹس، مارکیٹنگ، ہیومن ریسوس، انجینئرنگ، میڈیا، ایڈمنسٹریشن، انشورنس اور سیلز شامل ہیں۔
پاکستان کی اومان کی فوج کوتربیت دینے کی پیش کش
تیل سے مالا مال ملک کی جانب سے غیر ملکیوں کے لیے عارضی ورک ویزا پر پابندی کا مقصد ملک میں بے روزگاری کم کرکے اپنے شہریوں کے لیے نوکریوں کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ گزشتہ ہفتے حکومت نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے شہریوں کے لیے آئندہ 6 ماہ میں 25 ہزار نوکریاں دینے کے منصوبے کا اجراء جلد کرے گی۔ حکومت کی جانب سے یہ اعلان دارالحکومت مسقط میں بے روزگار افراد کی جانب سے احتجاج کے ردعمل میں کیا گیا تھا۔ حکومت نے اپنی نئی پالیسی میں پرائیویٹ سیکٹر پر زور دیا تھا کہ وہ ملکی باشندوں کو نوکریاں دینے میں ترجیح دیں جب کہ حکومتی پالیسی کے برعکس اقدام کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا انتباہ بھی دیا گیا ہے۔