خبرنامہ انٹرنیشنل

غریب بْھوکا ہے تواس کاکھانا چْرانا جرم نہیں،اطالوی عدالت

روم :(اے پی پی)اٹلی میں سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ اشد ضرورت کی صورت میں کھانے کی تھوڑی مقدار کی چوری کو جرم نہیں شمار کیا جانا چاہیے۔اٹلی کے شمالی شہر جینووا میں 2011 میں یوکرین کے ایک باشندے رومان اوستراوف کو جب ایک دکان سے 4.07 یورو قیمت کا تھوڑا سا پنیر اور قیمہ چوری کرتے ہوئے حراست میں لیا گیا تھا تو وہ ان دنوں بہت مشکل حالات میں زندگی گزار رہا تھا۔رومان کو چوری کے الزام می 6 ماہ قید اور 100 یورو جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی۔ملک کے اٹارنی جنرل نے فیصلے کے خلاف اپیل کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ مذکورہ شخص کو چوری کا ملزم نہیں ٹھہرایا جانا چاہیے تھا بلکہ اس پر چوری کی کوشش کا الزام عائد کیا جانا تھا کیوں کہ وہ دکان سے کوچ کرنے سے پہلے ہی حراست میں لے لیا گیا۔ بعد ازاں سپریم کورٹ نے سزا کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا۔سپریم کورٹ نے اپنے تحریری فیصلے میں کہا کہ ملزم کی (مالی) حالت اور جن حالات میں اس نے چیزیں حاصل کی تھیں ان سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس نے اپنی انتہائی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے کھانے کی تھوڑی سی مقدار چرائی تھی جو کے جرم نہیں۔