خبرنامہ انٹرنیشنل

غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے ، اقوام متحدہ

نیویارک ۔(ملت+اے پی پی) اقوام متحدہ نے فلسطین کے محصور علاقےغزہ کی پٹی پراسرائیلی فوج کی تازہ وحشیانہ بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ غزہ پر مسلسل فضائی اور زمینی حملوں کے نتیجے میں امن وامان کی صورت حال خطرناک حد تک جا سکتی ہے۔مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اقوام متحدہ کے مندوب برائے مشرق وسطیٰ نکولائی میلادینوف نے نیویارک میں ایک بیان میں کہاکہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جنگی طیاروں کی بمباری کے خطرناک نتائج سامنےآئیں گے اور پہلے سے ابتر صورت حال مزید گھمبیر ہوجائے گی۔ ملادینوف نے مزید کہا کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی تازہ جارحیت اور بمباری باعث تشویش ہے۔ بمباری کے بعد فلسطینی مزاحمت کاروں کی طرف سے جوابی راکٹ حملوں کا بھی خطرہ موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی پہلے ہی سنگین نوعیت کےانسانی بحران سے گذررہی ہے۔ امن وامان اور سیاسی ابتری کے شکار علاقے میں اسرائیلی فوج کے فضائی حملوں سے محاذ جنگ کی صورت حال مزید بگڑ سکتی ہے۔ انہوں نے فریقین پر جنگ بندی پرقائم رہنے اور کشیدگی کو مزید طول نہ دینے کی پالیسی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔