خبرنامہ انٹرنیشنل

غزہ پر کشیدگی: صیہونی فوج کی فائرنگ سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 17 ہوگئی

غزہ پر کشیدگی: صیہونی فوج کی فائرنگ سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 17 ہوگئی

لاہور:(ملت آن لائن) اسرائیلی قبضے کے خلاف احتجاج کرنے والے فلسطینی شہریوں پر صیہونی فورسز نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 17 ہوگئی جب کہ ایک ہزار سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ فلسطینی عوام ہر سال 30 مارچ کو اپنی سرزمین پر اسرائیلی قبضے کے خلاف احتجاجاً ’یومِ ارض‘ مناتے ہیں، اس روز مختلف ریلیاں نکالی جاتی ہیں اور مظاہرے بھی کیے جاتے ہیں۔ 42 ویں سالانہ یوم ارض کے سلسلے میں اس بار بھی فلسطین کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی قبضے کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں تاہم مظاہرین پر اسرائیلی فوج کی جانب سے فائرنگ کے واقعات میں اب تک 17 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ کشیدگی غزہ اور اسرائیل کی سرحد کے قریب دیکھی گئی جہاں ہزاروں فلسطینی اسرائیلی قبضے کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ کی پٹی کے شمال میں جبالیہ کے علاقے میں فورسز سے جھڑپ کے نتیجے میں 25 سالہ نوجوان محمد نجار کو پیٹ میں گولی لگی اور وہ شہید ہوگیا۔
اس کے علاوہ 38 سالہ محمود معمار اور 22 سالہ محمد ابو عمر کو رفح میں شہید کیا گیا۔ شہید ہونے والے دیگر 11 فلسطینیوں کی شناخت 19 سالہ احمد، 33 سالہ جہاد فرینیح، 33 سالہ محمود سعدی رحمی، 22 سالہ عبدالفتح عبدالنبی، 20 سالہ ابراہیم ابو شعار، عبدالقادر الاہجویری، ساری ابو اودیح ، ہمدان ابو امشیح، جہاد ابو جاموس، بدر السباغ اور ناجی ابو ہجائر کے ناموں سے ہوئی۔ مظاہرے شروع ہونے سے قبل غزہ کا ایک کسان وحید ابو صمور، خان یونس کے علاقے میں اپنے کھیت میں موجود تھا کہ اسرائیل کی جانب سے فائر کیے گئے شیلز کی زد میں آکر شہید ہوگیا۔ علاوہ ازیں اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ دو مسلح فلسطینی سرحدی باڑ کے قریب پہنچ گئے تھے اور انہوں نے اسرائیلی فورسز پر فائرنگ کی جس پر سیکیورٹی اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی اور دونوں مارے گئے۔ اسرائیلی ڈیفنس فورسز نے ٹینکوں اور جنگی طیاروں کے ذریعے حماس کے تین ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا۔ یاد رہے کہ فلسطینی حکام نے آئندہ ہفتے گریٹ مارچ آف ریٹرن ( واپسی کا عظیم مارچ) کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے تحت قابض اسرائیل کے خلاف بطور احتجاج مظاہرین کو سرحد پر کیمپوں میں 6 ہفتوں کے لئے قیام کرنا تھا۔ فلسطینیوں کے احتجاج کے پیش نظر سرحد پر اسرائیلی ٹینک اور اسنائپر تعینات کردیے گئے ہیں جب کہ غزہ اسرائیل سرحد پر مختلف مقامات پر مظاہرین موجود ہیں اور احتجاج کا سلسلہ طویل ہوسکتا ہے۔