(اے پی پی)کسویٰ فیکٹری کے کارکنان کی ایک ٹیم غلافِ کعبہ کی صفائی اور نگرانی پر ٹیم مامور ہے۔اس ٹیم کا طبی اسٹاف پاکستانی ہے۔ خلیجی اخبار’العربیہ ‘ کے مطابق مکہ مکرمہ میں قائم کسویٰ فیکٹری نے مسجد الحرام میں چوبیس گھنٹے غلاف کعبہ کی صفائی اور نگرانی کے لیے دو ،دو ارکان پر مشتمل چار ٹیمیں مقرر کررکھی ہیں۔کسویٰ فیکٹری میں کام کرنے والا تمام عملہ سعودی ہے اور صرف ان ہاؤس ڈاکٹر غیرملکی ہیں اور وہ پاکستانی شہری ہیں۔اب فیکٹری ان کی جگہ بھی ایک سعودی ڈاکٹر کو مامور کرنا چاہتی ہے۔ غلاف کعبہ تیار کرنے والی کسویٰ فیکٹری کے ڈائریکٹر جنرل محمد باجودہ نے بتایا ہے کہ ان ٹیموں کے ارکان مطاف کے ارد گرد ہمہ وقت موجود رہتے ہیں اور وہ اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ غلافِ کعبہ (کسویٰ) کو کسی قسم کا کوئی نقصان نہ پہنچے اور وہ ہمیشہ صاف ستھرا رہے۔انھوں نے بتایا کہ اگر بعض زائرین کے غلاف کعبہ کو پکڑنے یا کھینچنے کے نتیجے میں ریشم کے کپڑے میں کوئی کٹ لگ جاتا ہے یا کوئی اور نقصان پہنچتا ہے تو اس گروپ کے ارکان اس کی فوری اطلاع دیتے ہیں اور نزدیک موجود درزی اور صفائی پر مامور افراد وہاں پہنچ کراس کو ٹھیک کردیتے ہیں۔باجودہ نے بتایا کہاس گروپ کے ارکان غلاف کعبہ کو پہنچنے والے کسی بھی نقصان کو پندرہ سے بیس منٹ میں ٹھیک کریں گے۔اس گروپ کے ارکان ہی حجر اسود اور رکن یمانی پر بھی گہری نظر رکھتے ہیں تاکہ وہ بھی ہمیشہ صاف ستھرے رہیں اور ان کو کسی قسم کا کوئی نقصان نہ پہنچے۔انھوں نے مزید بتایا کہ مطاف میں موجود درزی بیس سال سے زیادہ تجربے کے حامل ہیں۔مطاف میں چوبیس گھنٹے ٹیمیں موجود رہتی ہیں اور وہ کسی بھی مسئلے سے فوری طور پر نمٹنے کے لیے تیار ہوتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کسویٰ فیکٹری ہفتے میں ایک دن غلاف کعبہ کی مکمل صفائی کا کام کرتی ہے اور یہ عمل ہر ہفتے کے روز کیا جاتا ہے۔صفائی پر مامور عملے کے پاس خصوصی آلات ہیں اور ان کی بدولت وہ مختصر وقت میں اور مؤثر انداز میں کسویٰ کی صفائی کا کام کرلیتے ہیں۔صفائی پر مامور عملہ بالعموم غلاف سے گرد اور کعبۃ اللہ کی چھت سے کبوتروں کی غلاظت کو صاف کرتا ہے۔ڈائریکٹر جنرل نے مزید بتایا کہ فیکٹری میں کام کرنے والے لوگ کسویٰ کی تیاری اور دیکھ بھال پر مامور ہوتے ہیں۔وہ طویل عرصے سے یہ ذمے داریاں انجام دے رہے ہیں۔یہ ایک خصوصی شعبہ ہے اور ہر کوئی یہاں ملازمت نہیں کرسکتا ہے۔