سووا ۔(اے پی پی) فجی سمندری طوفان ونسٹن سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 20 ہوگئی ہے اور علاقے میں موجود غیر ملکی سیاحوں کا انخلاء شروع ہو گیا ہے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق فجی کے ڈہزاسٹر مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ بحر الکاہل کے جزیرے فجی میں کیٹگری 5 کے شدید طوفان ’ونسٹن اور 3سو کلو میٹر کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی ہے۔ شدیدطوفان کے باعث سینکڑوں گھر تباہ ہوچکے ہیں اور بجلی کے کھمبے اکھڑ جانے کی وجہ سے کئی علاقوں کو بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی ہے اشیائے خورونوش اور صاف پانی کی دستیابی کے فقدان کے بارے میں بھی خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔امدادی اداروں کی جانب سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔حکام کی جانب سے طوفان کے ٹکرانے کے بعد تباہی اور نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔طوفان کے باعث بہت سارے علاقوں تک رسائی تاحال ممکن نہیں ہے ۔ واضح رہے کہ دارالحکومت سووا اس طوفان کی تباہی سے محفوظ رہا ہے۔حکومت کی جانب سے گزشتہ ہفتے کی رات نافذ کیے گئے کرفیو میں نرمی کر دی گئی اور ملک میں فضائی آمدورفت دوبارہ بحال کر دی گئی ہے اور غیر ملکی سیاحوں کی اپنے اپنے ملکوں کو واپسی شروع ہو گئی ہے۔