خبرنامہ انٹرنیشنل

فرانس:روسی فٹبال شائقین کی گرفتاری؛ روسی فرانسیسی سفیرطلب

ماسکو : (اے پی پی) فرانس میں فٹبال کے روسی شائقینکی گرفتاری پر روس نے فرانس کے سفیر کو طلب کرکے احتجاج کیا ہے۔روسی ذرائع ابلاغ کے مطابق روس کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان کہاگیا ہے کہ فرانس میں فٹبال کے روسی شائقین کی حراست پر ماسکو میں فرانس کے سفیر ایم۔ جین ماریک ریپرٹ کو سفارت خانے میں طلب کر کے تشویش سے آگاہ کیا گیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ فرانسیسی سیکیورٹی فورسز کی طرف سے للی شہر میں روسی تماشائیوں کو حراست میں لیا جانا اوراس حوالے سے فرانس میں روس کے ڈپلومیٹک دفاتر کو معلومات فراہم نہ کرنا ناقابل برداشت ہے۔ اس سے قبل روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے بھی اپنے فرانسیسی ہم منصب جین مارک آئرالٹ کے لئے پیغام میں اس نوعیت کے واقعات کے سدباب کا مطالبہ کیا تھا۔واضح رہے کہ فرانسیسی پولیس نے مارسیلیا کے نواحی علاقے میں روسی تماشائیوں کی ایک بس کو روک کر 6 روسی تماشائیوں کو ملکی سرحدوں سے نکالنے کے لئے حراست میں لے لیا تھا جبکہ جھگڑے میں شامل 10 افراد کو 2 ماہ سے ایک سال تک کی قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔