خبرنامہ انٹرنیشنل

فرانسیسی شہری نے اڑن تختے پر 2 ہزار میٹر سے زائد سفر کرکے عالمی ریکارڈ قائم کردیا

پیرس(آئی این پی )فرانس کے مؤجد نے اپنے تیار کردہ جیٹ ہوور بورڈ یا اْڑن تختے پر 2252 میٹر کا فاصلہ طے کرکے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے جسے کسی اْڑن تختے پر طویل ترین فاصلے فاصلہ قرار دیا جاسکتا ہے۔ 37 سالہ فرینکی زپاٹا اس کے چیمپیئن بھی ہیں اور انہوں نے زمین سے 50 میٹر بلند ہوکر ہفتے کے روز فرانس کے ساحلی شہر سوسے لے پِنز سے اپنی اْڑان بھری اور انہیں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے اس کا سرٹیفکٹ بھی دیدیا گیا ہے۔ انہوں نے ایک ماہ قبل ایسا ہوور بورڈ بنایا تھا جو 150 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے پرواز کرتا تھا۔ اس سے قبل انہوں نے واٹر جیٹ پیک کے ذریعے ایک منٹ میں 26 قلابازیاں کھاکر ایک ریکارڈ قائم کیا تھا۔ فرینی زپاٹا نے اسے فلائی بورڈ ایئر کا نام دیا ہے اور ان کا دعویٰ ہے کہ یہ تختہ کسی تار یا رسی کے بغیر 10 ہزار فٹ کی بلندی پر بھی جاسکتا ہے لیکن فی الحال بورڈ صرف 10 منٹ تک پرواز کرسکتا ہے۔ ویڈیو میں ایک جوائے اسٹک دیکھی جاسکتی ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ شاید یہ کوئی الیکٹرک وائر ہے لیکن مؤجد کا اصرار ہے کہ جیٹ قوت کا نظام ہوور بورڈ کے اندر بنایا گیا ہے۔ فرینکی کے مطابق اس کی تیار میں 4 سال کی محنت شامل ہیں اور یہ یہ ایجاد جلد لوگوں کے لیے بھی پیش کی جائے گی۔