پیرس:(اے پی پی) فرانس کے وسطی شہر ایلیئر میں منی بس اور ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فرانس کے وسط میں تیز رفتار منی بس ٹرک سے جاٹکرائی جس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ منی بس کا ڈرائیور اور ٹرک میں سوار 2 ڈرائیور محفوظ رہے تاہم زخمی حالت میں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔ حکام کے مطابق منی بس سوئٹزرلینڈ سے پرتگال جارہی تھی کہ فرانس کے وسط میں حادثے کا شکار ہوئی جب کہ حادثے میں ہلاک ہونے والے تمام افراد کا تعلق پرتگال سے ہے۔ دوسری جانب پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات کا آغاز کردیا جب کہ پولیس کا کہنا ہے کہ سڑک پر حدرفتار 90 کلو میٹر فی گھنٹہ تھی تاہم حادثے کے وقت ڈرائیوروں کے نشے کی حالت میں ہونا، ڈرائیوروں کی لاپرواہی یا حادثے کی کوئی اور وجہ جاننے کے لئے کام کا آغاز کیاجاچکا ہے۔