خبرنامہ انٹرنیشنل

فرانس میں کوکا کولا کی فیکٹری سےاربوں روپےمالیت کی کوکین برآمد

پیرس:(اے پی پی) فرانس میں کوکا کولا کی ایک فیکٹری سے 370 کلو گرام کوکین برآمد ہوئی ہے جس کی مالیت پاکستانی کرنسی میں 6 ارب روپے سے زائد بنتی ہے۔ فرانس کے شہر سگنیس میں دنیا کی معروف مشروب ساز کمپنی کوکاکولا کی فیکٹری واقع ہے جہاں مشروبات کے لئے پھلوں کا رس (فروٹ جوس کنسنٹریٹ) تیار کیاجاتا ہے، اس کے لئے دنیا بھر سے پھلوں کے اجزا درآمد بھی کئے جاتے ہیں۔ ایسا ہی ایک کنٹینر لاطینی امریکا کے ملک کوسٹا ریکا سے بھی آیا تھا جسے کھولنے پرفیکٹری ملازمین کو اس میں چھپائی گئی 370 کلوگرام کوکین بھی ملی، جس سے مقامی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری طور پر آگاہ کردیا گیا۔ کوکا کولا فرانس کے ترجمان نے اس خبر پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوکا سے کوکین ضرور تیار کی جاتی ہے لیکن برآمد ہونے والی کوکین کا کمپنی یا اس کے کسی اہلکار سے کوئی تعلق نہیں، کمپنی ملازمین نے ازخود حکام کو اس بارے میں فوری طور پر مطلع کیا جو ان ملازمین اور کمپنی کے بے قصور ہونے کا ثبوت ہے۔ ’’کوکا‘‘ نامی پودوں سے کوکین حاصل کی جاتی ہے جو کولمبیا، بولیویا اور پیرو کی نقد فصلوں میں شامل ہے۔ گزشتہ چند برسوں کے دوران مذکورہ ممالک میں کوکا کی پیداوار اور اس سے حاصل کی جانے والی کوکین کی مقدار میں اضافہ ہوا ہے۔ کولمبیا میں تیار ہونے والی کوکین زیادہ تر کوسٹا ریکا کے راستے دنیا بھر کو اسمگل کی جاتی ہے۔ کچھ ماہ قبل بھی کوسٹا ریکا کی وزارت برائے عوامی تحفظ نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ 2016 کے دوران کوسٹا ریکا کے راستے 1700 میٹرک ٹن کے لگ بھگ کوکین دنیا بھر میں اسمگل کی جاسکتی ہے۔