خبرنامہ انٹرنیشنل

فرانس کے صدرکا عراق اور شام میں کارروائیاں تیز کرنے کا اعلان

پیرس:(اے پی پی) فرانس کے جنوبی ساحلی شہر نیس میں ایک شخص نے اپنا ٹرک قومی دن کی تقریب میں شریک افراد پر چڑھا دیا جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 80 افراد ہلاک ہو گئے۔ فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند نے واقعے کو بظاہر دہشت گردی کی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ملک عراق اور شام میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرے گا۔ انہوں نے جمعہ کی علی الصبح قوم سے خطاب میں ملک میں پہلے سے نافذ ہنگامی حالت میں مزید تین ماہ کی توسیع کا بھی اعلان کیا۔فرانسیسی پولیس کے مطابق یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق جمعرات کی شب 10 بجکر 40 منٹ پر پیش آیا جب تیونس نژاد فرانسیسی شخص نے جو ٹرک چلا رہا تھا ، اپنا ٹرک تیز رفتاری سے چلاتے ہوئے قومی دن کے موقع پر آتش بازی کا مظاہرہ دیکھنے کیلئے جمع افراد پر چڑھا دیا۔ پولیس کے مطابق ٹرک ڈرائیور نے اس موقع پر فائرنگ بھی کی اور بعد ازاں پولیس کی فائرنگ کے نتیجہ میں مارا گیا۔ امریکی فوجی حکام کے مطابق ٹرک سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے تاہم فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ 19 ٹن وزنی ٹرک سے برآمد ہونے والی رائفلیں نقلی تھیں۔ فرانسیسی حکام کے مطابق واقعہ میں مزید درجنوں افراد زخمی ہوئے جن میں سے اٹھارہ کی حالت نازک ہے۔واقعہ کے بعد علاقے میں بھگدڑ مچ گئی اور لوگوں میں خوف و ہراس پھل گیا۔عینی شاہدین کے مطابق ٹرک کے مجمع پر چڑھ جانے کے بعد ہر طرف چیخ و پکار مچ گئی، مختلف اشیاء کے ٹکڑے اڑتے دکھائی دیئے اور ہر طرف لاشیں بکھر گئیں۔امریکی صدر براک اوباما،اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اس واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ امریکی صدر نے فرانس کو اس موقع پر ہر ممکن تعاون اور مدد کی بھی پیشکش کی ہے۔واقعہ کی ذمہ داری فوری طور پر کسی نے قبول نہیں کی ۔امریکا کی ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے نائب صدر کے عہدے کے لئے اپنے ساتھی امیدوار کے نام کا اعلان اس واقعہ کے بعد ملتوی کر دیا۔امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے نیس میں موجود امریکی شہریوں کو قریبی امریکی سفارت خانے سے رابطہ کی ہدایت کی ہے۔