خبرنامہ انٹرنیشنل

فلسطینی صدر کا امریکا کو انتباہ

فلسطینی صدر کا امریکا کو انتباہ
رملہ:(ملت آن لائین) فلسطینی صدر محمود عباس نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرلیا تو اس سے امریکا کی مشرقِ وسطیٰ میں قیام امن کیلئے کوششوں کو نقصان پہنچے گا۔ فلسطین کی سرکاری خبررساں ایجنسی وفا کے مطابق صدر محمود عباس نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے یا وہاں امریکی سفارت خانہ منتقل کرنے کا فیصلہ بالکل ناقابل قبول ہے اور یہ مستقبل میں امن عمل کیلئے ایک خطرہ ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ اسی ہفتے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرسکتے ہیں اور وہ اپنے ایک انتخابی وعدے کو ایفا کرتے ہوئے امریکی سفارت خانے کو تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کا حکم بھی جاری کردیں گے۔