خبرنامہ انٹرنیشنل

فلوجہ: حکومتی کمپاؤنڈ پرسےداعش کا قبضہ ختم

بین الاقوامی اتحاد اور فوج کی مدد سے داعش تنظیم کے دفاعی ڈھانچے کی کمر توڑ دی گئی، شورش زدہ علاقوں سے ہزاروں خاندانوں کو محفوظ طریقے سے نکال لیا گیا، مشترکہ فورسز فلوجہ کے وسط میں واقع الموظفین پل کا کنٹرول واپس لینے میں کامیاب ہوگئیں ،درجنوں جنگجوں کے مارے جانے اور فرار ہونے کے بعد داعش کے بہت کم ارکان باقی رہ گئے ،فوجی ترجمان
بغداد(آئی این پی)عراقی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ فلوجہ میں واقع مرکزی حکومتی کمپاؤنڈ پر سے دولتِ اسلامیہ کے شدت پسندوں کا قبضہ ختم کروا لیا گیا ہے ۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق عراقی فوج کے ایک اہم کمانڈر کا کہنا ہے کہ ملکی افواج نے فلوجہ میں واقع مرکزی حکومتی کمپانڈ پر سے دولتِ اسلامیہ کے شدت پسندوں کا قبضہ ختم کروا لیا ہے۔لیفٹیننٹ جنرل عبدالوہاب السعدی نے بتایا کہ ایلیٹ کانٹر ٹیررازم فورس اور ریپڈ رسپانس فورسز نے سٹی کونسل بلڈنگ کو آزاد کروا لیا۔عراق کے سرکاری ٹی وی کے مطابق جمعے کو عراقی افواج نے اس سرکاری عمارت پر قومی پرچم لہرا دیا ہے۔وفاقی پولیس کے سربراہ رعد شاکر جودت نے کہا کہ اس سرکاری عمارت کی آزادی جو کہ شہر کی مرکزی نشانی ہے، حکومت کی رٹ کی بحالی کی علامت ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومتی افواج کو پیش قدمی کے دوران محدود پیمانے پر ہی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔اس سے قبل عراقی فوج کے فلوجہ کے مشرقی علاقے میں ایک صنعتی زون پر قبضے کی خبریں آئی تھیں۔فوجی اور سیکورٹی ذرائع کے مطابق مشترکہ فورسز تمام محوروں سے آگے بڑھیں۔ بین الاقوامی اتحاد اور فوج کی مدد سے داعش تنظیم کے دفاعی ڈھانچے کی کمر توڑ دی گئی جب کہ شورش زدہ علاقوں سے ہزاروں خاندانوں کو محفوظ طریقے سے نکال لیا گیا۔دوسری جانب مشترکہ آپریشنز کے ترجمان نے بتایا ہے کہ مشترکہ فورسز فلوجہ کے وسط میں واقع الموظفین پل کا کنٹرول واپس لینے میں کامیاب ہوگئیں جہاں درجنوں جنگجوں کے مارے جانے اور فرار ہونے کے بعد داعش کے بہت کم ارکان باقی رہ گئے ہیں۔وفاقی پولیس کے کمانڈر رائد جودت کے مطابق داعش کے شدت پسند شہر کے مغرب میں دو علاقوں الحلابسہ اور البوعلوان کی جانب فرار ہوگئے تاہم ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ مذکورہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر عراقی فورسز متعین ہیں۔واضح رہے کہ عراقی افواج نے کئی ماہ کے محاصرے کے بعد گذشتہ ماہ فلوجہ کو دولت اسلامیہ کے کنٹرول سے واپس لینے کے لیے کارروائی کا آغاز کیا تھا۔بغداد سے 50 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع فلوجہ وہ شہر ہے جس پر شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ سب سے زیادہ عرصے سے قابض ہے۔دولتِ اسلامیہ نے فلوجہ پر سنہ 2014 میں قبضہ کیا تھا اور اس کے کچھ ماہ بعد ہی وہ عراق اور شام میں دیگر علاقوں پر قابض ہوئی تھی۔