نیویارک:(آئی این پی)امریکا میں صدارتی انتخابات کے ری پبلکن خواہش مند ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق فلوریڈا کے شہر ٹیمپا میں ریلی کے دوران مظاہرین نے ایک بار پھر ڈونلڈ ٹرمپ کے نفرت انگیز بیانات کیخلاف احتجاج کیا۔ جنوبی کیرولائنا کے بعد فلوریڈا میں بھی مظاہرین نے انتخابی ریلی سے خطاب کے دوران احتجاج کرکے ٹرمپ کو پریشان کر دیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے خطاب کے دوران مظاہرین نے شورشرابہ کیا اور نعرے لگائے جس کے باعث تقریر میں بدمزگی پیدا ہوئی تاہم مظاہرین کو ریلی سے باہر نکال دیا گیا۔ اس موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کی ریلیاں ہمیشہ پرامن رہی ہیں لیکن میڈیا تشدد پھیلا رہا ہے۔