خبرنامہ انٹرنیشنل

فلوریڈا کے اسکول میں فائرنگ کرنے والا کون ہے ؟

فلوریڈا کے اسکول

فلوریڈا کے اسکول میں فائرنگ کرنے والا کون ہے ؟

نیویارک:(ملت آن لائن) فلوریڈا حکام کا کہنا ہے کہ مارجوری اسٹون مین ڈگلس ہائی اسکول میں فائرنگ کرنے والے 19 سالہ مبینہ حملہ آور نکولس کروز کو حراست میں لے لیا گیا ہے جو اسی اسکول سے نکالا جانے والا سابق طالبعلم ہے۔ مبینہ ملزم نے فائرنگ سے قبل اسکول کا فائر الارم بجایا تاکہ زیادہ سے زیادہ بچے ایک جگہ جمع ہوں اور ان پر فائرنگ کر کے وہ زیادہ نقصان کرسکے۔ فلوریڈا کے مارجوری اسٹون مین ڈگلس ہائی اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوئے، اس حملے کو جدید امریکا کی تاریخ میں اسکول پر کیے جانے والے 10 بڑوں حملوں میں سے ایک قرار دیا جارہا ہے۔ ملزم کے حوالے سے مزید تفصیلات آرہی ہیں جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزم کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سمیت دیگر ذرائع سے معلومات اکٹھی کرنا شروع کردی۔ 19 سالہ نکولس کروز کے مختلف سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیں جن پر وہ گن اور دیگر پرتشدد مواد پوسٹ کیا کرتا تھا جب کہ اس کی ڈیجیٹل سرگرمیاں پریشان کن تھیں جب کہ پولیس آفیسر اسکاٹ اسرائیل نے تصدیق کی کہ ملزم کو نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر اسکول سے نکال دیا گیا تھا۔ اسکول میں ریاضی کے استاد جم گارڈ نے میڈیا کو بتایا کہ نکولس کروز 2016 میں اسکول میں زیرتعلیم تھا جو خاموش رہا کرتا تھا لیکن ساتھ ہی ساتھی طالبعلموں کو دھمکیاں بھی دیتا تھا۔
امریکی ریاست فلوریڈا کے اسکول میں فائرنگ، 17 افراد ہلاک
جم گارڈ کے مطابق اسکول سے نکالے جانے کے بعد اسکول انتظامیہ کی جانب سے تمام اساتذہ کو ایک ای میل بھی بھیجی گئی جس میں تنبیہ کی گئی کہ نکولس کو اسکول کی عمارت میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ مبینہ ملزم نکولس کے سابق کلاس فیلو جوشوا چارو نے بتایا کہ نکولس ہمیشہ چاقوؤں اور پستولوں کی بات کرتا اور خاموش رہتے ہوئے ہر کسی کو مارنے کی باتیں ہی کیا کرتا تھا، طالبعلم کے مطابق اسکول پر حملے کے بعد جب معلوم ہوا کہ اس میں نکولس ملوث ہے تو انہیں کوئی حیرانی نہیں ہوئی کیوں کہ وہ ہمیشہ یہی کہتا تھا کہ وہ کبھی اس طرح کا کام کرے گا۔ نکولس کوک نامی طالبعلم نے بتایا کہ کروز تنہا پسند تھا اور مڈل اسکول میں بھی اس کے ساتھ بہت مسائل تھے، ایک اور طالبعلم نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ نکولس بہت مشکلات میں گھرا ہوا بچہ تھا اور اس کے ساتھ ہمیشہ سے ہی کوئی نہ کوئی مسئلہ رہا کرتا تھا۔
مبینہ حملہ آور نکولس کروز پر پولیس اہلکار حراست میں لے رہے ہیں۔ فوٹو: بشکریہ ڈیلی میل
نکولس نیویارک میں رہائش پذیر تھا جو لنڈا اور روگر نامی جوڑے کا لے پالک بیٹا تھا جسے انہوں نے کمسنی میں لے کر پالا تھا جب کہ 13 سال قبل اس کے لے پالک باپ دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ہوا انتقال کر گئے تھے۔ ہیلین پسولا، نکولس کروز کے سابق پڑوسی ہیں جن کا کہنا ہے کہ کروز کا ایک اور بھائی زچرے بھی روگر کا لے پالک بیٹا تھا اور دونوں کا رویہ اہل علاقہ کے لئے پریشان کن تھا جب کہ ان کی ماں کئی بار پولیس کو بلا کر انہیں سمجھانے کا بھی کہہ چکی تھی۔ ماں کے انتقال کے بعد نکولس کروز اپنے دوست کے گھر بروورڈ منتقل ہوگیا تھا جہاں وہ ایک اسٹور پر ملازمت کے ساتھ اسکول بھی جایا کرتا تھا۔ بروورڈ کاؤنٹی کے میئر بیم فور کا کہنا ہے کہ مبینہ حملہ آور نکولس کروز گزشتہ کئی سالوں سے مقامی کلینک سے ذہنی صحت کا علاج بھی کرا رہا تھا۔