خبرنامہ انٹرنیشنل

فلپائن، صدارتی امیدوار نے کامیابی کی صورت میں امریکا اور آسٹریلیا کے ساتھ تعلقات منقطع کی دھمکی دیدی

منیلا۔:(اے پی پی) فلپائن میں ایک صدارتی امیدوار نے کامیابی کی صورت میں اپنے ملک کے قریبی اتحادیوں امریکا اور آسٹریلیا کے ساتھ تعلقات منقطع کرنے کی دھمکی دیدی اور دونوں ممالک کے سفیروں سے کہا ہے کہ وہ ’’اپنے منہ بند رکھیں‘‘۔ فرانسیسی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق روڈوایگو ڈیوٹرٹے نے یہ دھمکی فلپائن میں آسٹریلوی راہبہ سے زیادتی بارے اپنے بیان پر امریکی اور آسٹریلوی سفیروں کی تنقید کے بعد دی ہے اس آسٹریلوی راہبہ کو 1989ء میں ایک جیل میں بلوے کے دوران زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا تھا۔ فلپائنی صدارتی امیدوار روڈ ریگوڈیوٹرٹے نے ایک انتخابی ریلی سے خطاب میں کہا کہ انہیں اس بات پر بے حد غصہ آیا کہ دوسروں نے مذکورہ آسٹریلوی راہبہ سے زیادتی کی اس سلسلہ میں پہلا شخص ڈاواؤ کا میئر ہونا چاہئے تھا کیونکہ مذکورہ راہبہ بے حد خوبصورت تھی۔ رپورٹ کے مطابق فلپائن کے جنوبی شہر ڈاواؤ کے میئر روڈایگو خود تھے۔ جب وہاں آسٹریلوی راہبہ سے زیادتی اور قتل کا واقعہ پیش آیا تھا۔ روڈ ایگو اس سے قبل بھی کیتھو لک عیسائیوں کے رہنما پوپ فرانسس بارے انتہائی منفی تبصرہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے ایک انتخابی ریلی سے خطاب میں اپنی کامیابی کی صورت میں ہزاروں جرائم پیشہ لوگوں کو موت کے گھاٹ اتارنے کا اعلان بھی کرچکے ہیں ان پر ماضی میں جرائم پیشہ گروہ حتیٰ کہ ڈیتھ سکواڈ چلانے کے الزامات بھی عائد کئے جارہے ہیں اور وہ ان سکواڈز کے ذریعے 1700 افراد کے قتل کا اعتراف بھی کرچکے ہیں۔