خبرنامہ انٹرنیشنل

فلپائن؛ مسلح افراد کا جیل پر حملہ، 158 قیدی چھڑا لے گئے

کیدا پاوان:(ملت+اے پی پی) فلپائن میں 100 کے قریب مسلح افراد نے جیل پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں تقریبا 158 قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے۔ فلپائن کے صوبے کوٹا باٹو کے شہر کیدا پاوان میں واقع شمالی کوٹا باٹو جیل پر مسلح افراد نے بدھ کو علی الصباح حملہ کیا۔پولیس حکام کے مطابق حملہ آوروں سے نمٹنے کے لیے پولیس اور فوج کی اضافی نفری بھی طلب کی گئی اور فائرنگ کا تبادلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔پولیس کا کہنا ہے کہ جوابی کارروائی میں 6 قیدی ہلاک ہوگئے جن میں سے 5وہ قیدی تھے جو فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے جبکہ باغیوں کی فائرنگ سے ایک گارڈ بھی ہلاک ہوگیا۔ کیدا پاوان کے پولیس چیف سپرنٹنڈنٹ لیو اجیرو نے بتایا کہ بھاری ہتھیاروں سے لیس حملہ آوروں کا تعلق کالعدم بینگ سامورو اسلامک فریڈم فائٹرز اور مورو اسلامک لبریشن فرنٹ سے منحرف ہونے والے دھڑے سے ہوسکتا ہے، فرار ہونے والے قیدی قریبی جنگلوں میں چھپ گئے ہیں جن کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ اسے فلپائن کی تاریخ میں جیل توڑنے کا سب سے بڑا واقعہ قرار دیا جارہا ہے، اس جیل میں تقریبا 1500 قیدی موجود ہیں جن میں کالعدم تنظیم بینگ سامورو کے کارکن بھی شامل ہیں اور ان پر بم دھماکوں اور قتل کے الزامات ہیں۔