خبرنامہ انٹرنیشنل

فلپائنی دارالحکومت میں ایک اورصحافی کا قتل

منیلا(آئی این پی )فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں ایک اور صحافی کو قتل کردیا گیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں ایک کرائم جرنلسٹ کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔ اِس قتل کی پولیس اور صحافی کے ساتھیوں نے تصدیق کر دی ہے۔ 56 سالہ کرائم رپورٹر کا نام الیکس بالکوبا بتایا گیا ہے۔ موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم مسلح حملہ آوروں نے اسے ہلاک کیا اور پھر فرار ہو گئے تھے۔ فلپائنی دارالحکومت میں نیشنل پریس کلب کے صدر پال گوٹیریز نے بتایا کہ 2010 کے بعد سے بالکوبا تیسواں صحافی ہے جسے قتل کیا گیا ہے۔ گوٹیریز کے مطابق اب تک ان 30 مقتول صحافیوں کا ایک ملزم بھی عدالتی کٹہرے تک نہیں لایا گیا ہے۔ فلپائن کے ذرائع ابلاغ کے ملازمین کو منظم جرائم پیشہ گروہوں کی ایسی وارداتوں کا سامنا ہے۔