واشنگٹن ۔ (اے پی پی) امریکا نے کہا ہے کہ صدر بشارالاسد کا فوجی طاقت کے ذریعے پورے ملک پراپنی کھوئی ہوئی حکومت بحال کرنے کا دعویٰ ان کی بہت بڑی غلط فہمی ہے اور وہ فوجی طاقت کے ذریعے جنگ نہیں جیت سکتے ہیں ۔فرانسیسی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے کہا کہ بشارالاسد فوجی طاقت کے ذریعے شام کا مسئلہ حل کرنے کا سوچ کر خود کو کسی غلط فہمی میں مبتلا نہ کریں۔ وہ صدر اسد کے ایک انٹرویو پر حکومت کا رد عمل ظاہر کررہے تھے۔خیال رہے کہ بشارالاسد نے کہا تھا کہ امن بات چیت کے دوران بھی ’’دہشت گردی‘‘ کے خلاف جنگ جاری رکھی جائے گی اور جلد ہی شامی فوج پورے ملک پر اپنا کنٹرول قائم کرلے گی۔امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے صدر بشارالاسد کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ صدر بشارالاسد کی بہت بڑی غلط فہمی کہ وہ فوجی طاقت کے ذریعے پورے ملک پر دوبارہ کنٹرول حاصل کریں گے یا شام کا مسئلہ حل کرلیں گے۔