پیانگ یانگ:(اے پی پی)اقوام متحدہ کی جانب سے نئی پابندیوں کے بعد شمالی کوریا نے ملٹی پل راکٹ لانچرز سسٹم کا تجربہ کر لیا۔ شمالی کوریا کے صدر کم جونگ ان کا کہنا ہے کہ فوج دشمن کے خلاف ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے کے لیے تیار رہے ۔ شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کے مطابق کم جونگ ان نے فوج کی جانب سے نئے ملٹی پل راکٹ لانچرز کی مشقوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کو دشمن سے شدید خطرات کا سامنا ہے جس کے لیے فوج کو پہلے سے تیار رہنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا اپنے جوہری ہتھیاروں میں اضافہ کرے ، ان کا معیار بہتر بنائے اور کسی بھی وقت دشمن کے خطرے کا جواب دینے کے لیے تیار رہے۔ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کا یہ بیان اقوام متحدہ کی جانب سے نئی پابندیوں کے بعد سامنے آیا ہے۔