خبرنامہ انٹرنیشنل

فوربس کی 30 سال سے کم عمر بااثر افراد کی فہرست میں 4 پاکستانی شامل

فوربس کی 30 سال سے کم عمر بااثر افراد کی فہرست میں 4 پاکستانی شامل
امریکہ:(ملت آن لائن) امریکی بزنس جریدے فوربز نے30 سال سے کم عمر بااثر افراد کی فہرست جاری کردی جس میں چار پاکستانی بھی شامل ہیں۔ فوربز کی فہرست میں جگہ بنا کر پاکستان کا نام روشن کرنے والے چاروں افراد امریکا میں مقیم ہیں اور انہوں نے اپنے اپنے شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
سارہ احمد
ریٹیل اور ای کامرس کے شعبے میں 28 سالہ سارہ احمد کا نام ہے جو Warp + Weft نامی کمپنی کی بانی ہیں۔
لانچ کے ایک سال سے کم عرصے میں سارہ کی کمپنی نے 2.5 ملین ڈالر کا بزنس کیا۔
زید انعام
اینٹرپرائز ٹیکنالوجی کے شعبے میں 25 سالہ زید انعام کا نام ہے جنہوں نے اسٹینفورڈ یونی ورسٹی میں پی ایچ ڈی تعلیم درمیان سے منقطع کر کے اپنی کمپنی Cresta قائم کی جو کسمٹر سروس کو مصنوعی ذہانت کے ذریعے بہتر بنانے کے لئے کام کرتی ہے۔
خضر حیات
ڈیٹا سائنس آٹو میشن کمپنی قائم کرنے والے خضر حیات کا نام بھی اینٹرپرائز ٹیکنالوجی کی کیٹیگری میں ہے جوThroughPut Inc کمپنی کے شریک بانی ہیں اور TeachPakistan نامی سماجی بہبود تنظیم کے صدر بھی ہیں جو پاکستان کے دیہی علاقوں میں تعلیم عام کرنے کے لئے کام کرتی ہے۔
رضا منیر
29 سالہ رضا منیر Climb Credit کمپنی کے شریک بانی ہیں جو تعلیم کے اخراجات اٹھانے میں مشکلات کا شکار طالب علموں کا قرضہ ادا کرنے میں تعاون فراہم کرتی ہے۔