ریاض(آئی این پی) سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’فیس بک‘‘ پر امام کعبہ کے نام سے اکانٹ پر نیا تنازع کھڑا ہوگیا،مسجد حرام اور مسجد نبوی کے نگراں ادارے نے الشیخ السدیس کے نام منسوب صفحہ جعلی قرار قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ امام کعبہ کا سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر کوئی ذاتی صفحہ نہیں ہے۔عرب میڈیا کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’فیس بک‘‘ پر امام کعبہ کے نام سے اکانٹ پر نیا تنازع کھڑا ہوگیا ہے ۔مسجد حرام اور مسجد نبوی کے نگراں ادارے نے وضاحت کی ہے کہ امام کعبہ الشیخ عبدالرحمان السدیس کا سماجی رابطے کی ویب سائیٹ فیس بک پر کوئی ذاتی صفحہ نہیں ہے۔ ان کے نام سے فیس بک پر بنائے گئے تمام صفحات جعلی ہیں جن کا الشیخ سدیس یا حرمین شریفین کے ادارے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔حرمین شریفین کے ادارے کا کہنا ہے کہ امام کعبہ الشیخ عبدالرحمان السدیس کا کوئی بھی بیان یا تو حرمین کے سماجی رابطے کے خصوصی اکاؤنٹ کے ذریعے شائع کیا جاتا ہے یا وہ مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ٹویٹر پر بنے خصوصی پیج سے بیان جاری کرتے ہیں۔ جہاں تک الشیخ عبدالرحمان السدیس کے نام منسوب فیس بک پر بنے اکانٹس کا تعلق ہے تو وہ سب جعلی ہیں جن میں کوئی صداقت نہیں۔خیال رہے کہ حال ہی میں الشیخ عبدالرحمان السدیس کے نام سے فیس بک پر بنے ایک صفحے پر تیونس میں بن قردان کے مقام پر فوج کی کارروائی میں 42 دہشت گردوں کی ہلاکت کی تحسین کی گئی تھی ساتھ ہی مقتولین کی تصاویر بھی پوسٹ کی گئی تھیں۔اس جعلی اکانٹ پرعبدالرحمان السدیس کے نام منسوب بیان میں لکھا گیا ہے کہ ان 42 چوہوں (دہشت گردوں) کی ہلاکت میں امریکا کا کوئی کردار ہے، نہ روس، یورپ یا عرب اتحاد کا کوئی حصہ ہے۔ ان دہشت گردوں کی ہلاکت کا کریڈٹ صرف تیونس کی مسلح افواج کو جاتا ہے۔