خبرنامہ انٹرنیشنل

فیس بک کی تاریخ کا سب سے بڑا سودا، واٹس ایپ خرید لیا

نیویارک ۔ (اے پی پی) فیس بک نے اپنی تاریخ کا سب سے بڑا سودا کرتے ہوئے واٹس ایپ خرید لیا۔ مگر ایک دن ایسا بھی تھا جب اسی فیس بک نے واٹس ایپ کے بانی برائن اور ان کے ساتھی کو، نوکری دینے سے انکار کر دیا تھا۔ دنیا بھر میں کروڑوں افراد واٹس ایپ استعمال کرتے ہیں مگر کسی کو یہ نہ معلوم ہوگا،کہ واٹس ایپ بنانے والے برائن اور ان کے پارٹنر کو، ابتدا میں فیس بک اور ٹوئٹر نے نوکری دینے سے انکار کر دیا تھا۔ مگر انہوں نے ہار ماننے کے بجائے ایک ایسی موبائل ایپلیکیشن بنانے کا سوچا، جس سے مفت میسیجز اور کالز کی جاسکیں۔ فروری 2009ء میں برائن اور ان کا ساتھی واٹس ایپ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔ آج واٹس ایپ کے صارفین کی تعداد ایک ارب سے زائد ہوچکی ہے۔ 30 سے 40 کروڑ لوگ روزانہ واٹس ایپ استعمال کرتے ہیں، 10 لاکھ افراد ہر روز رجسٹر ہو رہے ہیں، 60 کروڑ فوٹو روزانہ اپ لوڈ ہوتی ہیں، 20 کروڑ وائس میسجز جبکہ 10 ارب میسجز روزانہ بھیجے جاتے ہیں۔