فیفا ورلڈ کپ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی۔ کوارٹر فائنلز میں انگلینڈ نے سوئیڈن کو دو صفر سے ہرا کر ایونٹ سے باہر کردیا۔ کروشیا نے میزبان روس کو سخت مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ پرشکست دے دی۔
فیفا ورلڈ کپ اختتام کی جانب گامزن ہے۔ آخری کوارٹر فائنلز میں انگلینڈ کے فارورڈز کے شاندار کھیل کے مقابلے میں سوئیڈن کے کھلاڑیوں کی ایک نہ چلی۔
انگلش ٹیم نے پہلا گول میچ کے تیسویں اور دوسرا اٹھاون ویں منٹ میں اسکور کیا۔ سوئیڈن کے جوابی حملے ناکام رہے ۔ انگلش ٹیم نے اٹھائیس سال بعد سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
آخری کوارٹر فائنل میں روس اورکروشیا میں گھمسان کا رن پڑا۔ مقررہ وقت تک مقابلہ ایک ایک سے برابر رہا۔ اضافی وقت میں بھی دونوں ٹیموں نے ایک ایک گول داغ دیا۔
میچ کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے پنالٹی شوٹ آؤٹ کا سہارا لیا گیا۔ کروشیا نے چار تین سے کامیابی سمیٹ کر فائنل فور میں جگہ بنالی۔
سیمی فائنلز دس اور گیارہ جولائی کو ہونگے۔ پہلے میچ میں بیلجیئم اور فرانس جبکہ دوسرے میں کروشیا اور انگلینڈ کا مقابلہ ہوگا۔