تہران ۔ 13 اگست (اے پی پی) ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی اور روس کے صدر ولادیمیرپیوٹن نے بحیرہ کسپیئن کے ساحلی ملکوں کے پانچویں سربراہی اجلاس کے موقع پر اہم دوطرفہ علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر بات چیت کی ہے۔ایرانی خبررساں ادارے کے مطابق ڈاکٹرحسن روحانی نے روسی صدر ولادیمیرپیوٹن سے ملاقات میں مختلف شعبوں میں تعلقات اور تعاون کو پہلے سے بھی زیادہ فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بحیرہ کسپیئین کو امن و دوستی کے سمندراورساحلی ملکوں کے درمیان زیادہ سے زیادہ دوستی اور تعاون کی تقویت و استحکام کے عامل میں تبدیل ہونا چاہئے۔روسی صدر نے اس موقع پرکہا کہ ان کا ملک باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں اور دونوں ملکوں کے عوام کے مشترکہ مفادات کے تناظر میں ایران کے ساتھ تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینا چاہتا ہے۔روسی صدر نے ایٹمی معاہدے کو ایک اہم اوربین الاقوامی معاہدہ بتایا اور امریکا کے نکلنے کے بعد معاہدے کے دیگر فریق ملکوں کے ذریعے اس کی حفاظت کی بھرپور کوشش کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علاقائی اور عالمی مسائل کے حل کے بارے میں دونوں ملکوں کے حکام کے درمیان مشاورت اور تعاون جاری رہنا چاہئے۔