خبرنامہ انٹرنیشنل

قطرسعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک کے تحفظات سننے کو تیار ہے ۔کویت

دبئی (ملت آن لائن )کویت کا کہنا ہے کہ قطرسعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک کے تحفظات سننے کو تیار ہے ۔”سعودی گزٹ “ کے مطابق کویت کے وزیر خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ قطری حکومت سفارتی اور معاشی تعلقات ختم کرنے کی وجہ بننے والے خلیجی ممالک کے تحفظات سننے اور انہیں حل کرنے کیلئے تیار ہے ۔کویت کی ریاستی نیوز ایجنسی کونا نے وزیر خارجہ کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بیان کیا ہے کہ قطر نے سعودی عرب سمیت اپنے برادر خلیجی ممالک کے تحفظات سننے اور انہیں سمجھنے کیلئے آمادگی اور سیکیورٹی اور استحکام کو بہتر بنانے کیلئے کوششوں پر آمادگی کا اظہار کر دیا ہے ۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ خطے کے حالات قطری حکومت کو اپنی تیل کی پیداوار کم کرنے کے بین الاقوامی وعدے کی تکمیل میں حائل نہیں ہو نگے ۔کویت کے اس اعلان کے بعد متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے خارجہ امور نے اپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا ہے کہ ہم پر امید ہیں اس اقدام سے تنازع میں شامل ممالک کے درمیان مثبت سو چ اور سمجھداری کا آغاز ہو گا ۔قطر نے سابق امریکی صدر جارج بش کے سابق اٹارنی جنرل کی لاءفرم کو دہشتگردوں کی مالی معاونت کے امور کا آڈٹ کرنے کیلئے 2.5ملین ڈالر ادا کیے ہیں۔