خبرنامہ انٹرنیشنل

قطر سے فوجی تعاون جاری رکھیں گے، رجب طیب اردگان

قطر سے فوجی تعاون جاری رکھیں گے، رجب طیب اردگان
دوحا:(ملت آن لائن) ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے خلیجی بحران پر قطر سے فوجی تعاون جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔ ترک صدر روس اور کویت کے دورہ مکمل کرکے قطر پہنچے جہاں امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی نے ان کا استقبال کیا۔دونوں سربراہان کے درمیان بالمشافہ مذاکرات ہوئے جس میں خلیجی بحران، خطے کے مسائل، اقصادی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات سمیت دوحا کی سیکورٹی اور 2022 کے فیفا ورلڈ کپ کے انعقاد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے سرمایہ کاری، سیاحت کے فروغ اور ریسرچ کے سمجھوتوں پر دستخط بھی کیے۔س موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدر اردگان کا کہنا تھا کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں قطر کے ساتھ بہت سے شعبوں میں تعاون کو برقرار رکھیں گے، خصوصاً دفاعی اور معاشی شعبے میں وہ ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ 2022 کے فٹبال ورلڈ کپ کے لیے جاری منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں ترکی کے نجی سرمایہ کار اور ادارے بھی مدد فراہم کریں گے۔
ترکی کا ایک فوجی اڈہ قطر میں موجود ہے جس میں 3000 ترک فوجی تعینات ہیں۔ ترک صدر نے وزیر دفاع خالد بن محمد اور سینئر حکام کے ہمراہ فوجی اڈے کا دورہ کیا اور وہاں موجود افسران اور فوجیوں سے ملاقاتیں کیں۔ عرب ممالک کی جانب سے قطر کا بائیکاٹ کے اعلان کے بعد پانچ ماہ کے دوران ترک صدر نے دوسری بار دوحا کا سرکاری دورہ کیا ہے۔