قطر کا متحدہ عرب امارات کو عالمی عدالت انصاف میں لیجانے کا اعلان
یو اے ای انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہوا،نقصان پورا کرنے کیلئے عالمی عدالت انصاف سے استدعا کی جائے گی :وزیر خارجہ
دوحہ(اے ایف پی)قطری حکومت نے متحدہ عرب امارات کو عالمی عدالت انصاف میں لیجانے کا اعلان کردیا ۔دوحہ حکومت کی طرف سے کہا گیا ہے کہ قطر کا بائیکاٹ کرنے پر متحدہ عرب امارات کو اقوام متحدہ کی عالمی عدالت انصاف کا سامنا کرنا ہوگا ۔ قطر کے وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمن التھانی کی طرف سے گزشتہ روز اعلان کیا گیاکہ یو اے ای قطری عوام کے حقوق کی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہوا۔امارات نے بحری ، بری اور فضائی راستے بلاک کر کے دوحہ حکومت کیلئے مسائل پیدا کئے ۔امارات کے اقداما ت سے قطری کمپنیوں اور شخصی جائیدادوں کو بھی نقصان پہنچا ۔قطر کی طرف سے عالمی عدالت انصاف سے استدعا کی جائے گی کہ امارات کے اقدامات سے قطر کو پہنچنے والا نقصان پورا کیاجائے ۔یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، بحرین اور مصر نے جون 2017 میں قطر کا بائیکاٹ کرتے ہوئے اس خلیجی ملک کے ساتھ اپنے تمام سفارتی اور سفری رابطے منقطع کر دئیے تھے ۔ ان ممالک نے قطر پر دہشت گردی کی حمایت کاالزام لگایا جسے دوحہ حکومت مسترد کرتی آئی ہے ۔