خبرنامہ انٹرنیشنل

قندوز ہسپتال پر حملہ، 16 امریکی فوجیوں کو سزائیں

واشنگٹن:(اے پی پی) کے مطابق افغان شہر قندوز میں بین الاقوامی امدادی تنظیم کے ہسپتال پر امریکی افواج کی بمباری کے واقعے کی تحقیقات میں 16 امریکی فوجیوں کو انتظامی سزائیں دی گئی ہے۔امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ ان فوجیوں کومجرمانہ الزامات کی بجائے انتظامی کارروائی کے تحت سزا دی گئی ہے۔گذشتہ برس اکتوبر میں ایم ایس ایف یعنی میڈیسنز سانز فرنٹےئرزکے ہسپتال پر ہونے والی بمباری سے ایم ایس ایف کے عملے کے ارکان سمیت 42 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔امریکی فوج کی تحقیقات میں ہسپتال پر بمباری کو’انسانی غلطی‘ قرار دیا گیا تھا۔امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق فوجیوں میں خصوصی آپریشنز کے اہلکار اور ایک جنرل افسر شامل ہیں اور انھیں انتظامی سزائیں دی گئی ہیں اے پی کا کہنا ہے کہ ان اہلکاروں کو سرزنش کے لیٹرز دیے گئے ہیں جن کی وجہ سے اس واقعے میں ملوث اہلکاروں کی ملازمت ختم ہو سکتی ہے۔اس واقعے کی تفتیش سے ظاہر ہوا ہے کہ گن شپ جہاز اے سی 130 کے عملے نے ہسپتال کو ایک ایسی سرکاری عمارت کے دھوکے میں نشانہ بنایا جس پر طالبان نے قبضہ کر رکھا تھا۔میڈیسنز سانز فرنٹیئرز نے اس کارروائی کو جنگی جرم قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ حملے کے فوراً بعد افغان اور اتحادی افواج کی قیادت کو مطلع کیا گیا لیکن بمباری مزید آدھے گھنٹے تک جاری رہی۔اس کے بعد افغانستان میں تعینات امریکا اور نیٹو کی افواج کے نئے کمانڈر نے واقعے پر معافی مانگی تھی۔اس کے علاوہ بمباری پر امریکی صدر براک اوباما نے بھی معذرت کی تھی۔