خبرنامہ انٹرنیشنل

لبنانی شہری اپنے ملکی مسائل حل کرنے کو ترجیح دیں ، سعد الحریری

لبنانی شہری اپنے ملکی مسائل حل کرنے کو ترجیح دیں، سعد الحریری
بیروت:(ملت آن لائن) لبنان کے وزیراعظم سعد الحریری نے اپنے ہم وطنوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی وفاداریوں سے قطع نظر علاقائی امور پر توجہ دینے کے بجائے اپنے ملکی مسائل حل کرنے کو ترجیح دیں،لبنان کا سیاسی بحران ہماری آنکھیں کھول دینے کے لیے کافی ہونا چاہیے۔عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق سعد الحریری نے گزشتہ روز بیروت میں منعقدہ سالانہ عرب بنک کاری کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزرا ہوا وقت ہم سب کے لیے ایک سبق ہونا چاہیے اور ہمیں اپنے ارد گرد کے مسائل کی طرف دیکھنے کے بجائے لبنان کے مفادات پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔انھوں نے کہا کہ ہمارے ارد گرد مسائل بہت اہم ہیں لیکن لبنان سب سے اہم ہے۔انھوں نے اس بات پر زوردیا کہ لبنان کو علاقائی تنازعات سے دور رہنے کی پالیسی پر عمل پیرا رہنا چاہیے اور ایسا صرف الفاظ سے نہیں بلکہ عمل سے بھی ہونا چاہیے۔انھوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ہماری اصل تشویش ملکی استحکام ہے اور ہم اسی کے لیے کام کررہے ہیں۔سعد الحریری نے اپنے استعفے کو موخر کرنے کے فیصلے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے ذمے دارانہ مکالمے کی راہ ہموار ، اختلافی امور اور ان کے لبنان کے عرب بھائیوں کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے مضمرات سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔