خبرنامہ انٹرنیشنل

لندن سٹی ایئرپورٹ کے رن وے پر بلیک لائیوز میٹر موومنٹ کے کارکنوں کا قبضہ

لندن :(اے پی پی) لندن سٹی ایئر پورٹ کے رن وے پر بلیک لائیوز میٹر موومنٹ کے کارکنوں کے قبضے کے باعث ہوائی اڈے کی سرگرمیاں معطل ہو گئیں۔ میڈٖیا رپورٹس کے مطابق بلیک لائیوز میٹر مومنٹ کے کارکنوں نے گزشتہ روز لندن سٹی ایئرپورٹ کے رن وے پر قبضہ کر لیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق اس تنظیم کے کارکن ہوائی اڈے سے ملحقہ ایک ندی پار کر کے رن وے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔ لندن میٹرو پولیٹن پولیس نے بتایا ہے کہ رن وے پر بلیک لائیوز میٹر موومنٹ کے کارکنوں کے قبضے کی وجہ سے ہوائی اڈے کو بند کرنا پڑا۔ لندن سٹی ہوائی اڈے کے حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ رن وے پر مذکورہ تنظیم کے قبضے کی وجہ سے زیوریخ، جینوا اور گیورنسے جانے والی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ آنے والی تمام پروازیں دوسرے ہوائی اڈوں کی طرف بھیج دی گئی ہیں۔بلیک لائیوز میٹر موومنٹ امریکا میں اس سفید فام افسر کو بری کئے جانے کے بعد وجود میں آئی تھی جس نے غیر مسلح سیاہ فام نوجوان ٹریوان مارٹن کو گولی مارکر قتل کردیا تھا۔ اگست کے آغاز میں پورے برطانیہ میں بلیک لائیوزمیٹر موومنٹ نے احتجاجی مظاہرے کئے تھے۔ یہ مظاہرے برطانوی پولیس کے ہاتھوں مارے جانے والے سیاہ فام باشندے مارک ڈگن کی پانچویں برسی کے موقع پر کئے گئے۔ 29 سالہ مارک ڈگن کو سفید فام برطانوی پولیس اہلکار نے اگست 2011میں اس وقت گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا جب وہ اپنے شہر ٹاٹنہم میں ایک گاڑی میں جا رہا تھا۔ پولیس کو شبہ تھا کہ وہ غیر قانونی ہتھیار لے جا رہا ہے لیکن اس کی گاڑی کی تلاشی لینے پر کسی طرح کا کوئی ہتھیار نہیں ملا تھا۔