خبرنامہ انٹرنیشنل

لندن کے ہیتھرو ایئر پورٹ سے پرواز کرنے والے مسافرطیارے کولیزر لائیٹ لگنے پر واپس اتار لیا گیا

لندن ۔ (اے پی پی) برطانیہ کے ہیتھرو ایئر پورٹ سے پرواز کرنے والے مسافرطیارے کو لیزر لائیٹ لگنے پر واپس اتار لیا گیا۔ذرائع ابلاغ کے مطابق پولیس حکام نے کہا ہے کہ ورجن اٹلانٹک ایئر لائنز کی نیویارک جانے والی کمرشل فلائٹ کی سمت میں آنے والی لیزر لائیٹ کی وجہ سے اسے ہیتھرو ایئر پورٹ پر واپس اتارا گیا ہے۔ورجن اٹلانٹک کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ لیزر سے نشانہ بنانے کے مقام کا تعین کرنے کے لیے حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ مسافروں اور عملے کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم جہاز پر موجود افراد کو پیش آنے والی کسی بھی پریشانی کے لیے معافی کے خواستگار ہیں۔سول ایوی ایشن اتھارتی کے حکام نے کہا ہے کہ یہ کوئی انوکھا واقعہ نہیں ہے،برطانیہ میں ہر سال ایسے سینکڑوں واقعے ریکارڈ کئے جاتے ہیں۔