خبرنامہ انٹرنیشنل

لڑائی کا سلسلہ نہ رکا تو شام ٹکڑے ٹکڑے ہوسکتا ہے ،امریکہ کا انتباہ

واشنگٹن(آئی این پی )امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے خبردار کیا ہے کہ شام میں لڑائی کا سلسلہ نہ رکا تو یہ ملک ٹکڑے ٹکڑے ہوسکتا ہے ،جب تک بشارالاسد اقتدار پر قابض ہیں لڑائی بند ہونے کا کوئی امکان نہیں ، اگر شام میں فائر بندی کی کوششیں کامیاب نہ ہو سکیں تو امریکہ اس حوالے سے دیگر آپشن استعمال کرنے پر غور کرے گا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان میں سالانہ وزارتی بجٹ اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے جان کیری نے کہاکہ شام میں جنگ بندی کے لیے کوششیں کرنے والے ممالک پر جلد ہی واضح ہو جائے گا کہ آیا ان کی فائر بندی کی مساعی کامیاب ہوتی ہیں یا نہیں۔ایک سوال کے جواب میں جان کیری نے کہا کہ جب تک بشارالاسد شام میں اقتدار پر قابض ہیں اس وقت تک امن کے قیام اور جنگ کے خاتمے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر شام میں خون خرابہ طویل عرصے تک جاری رہتا ہے تو شام کو متحد رکھنا اور بھی مشکل ہو جائے گا۔خیال رہے کہ جان کیری کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ہفتے کو روس اورامریکا نے شام میں جنگ بندی سے اتفاق کیا تھا۔ جان کیری نے کہا کہ لگ رہا ہے کہ شام کو متحد رکھنے کے لیے وقت تیزی کے ساتھ ہاتھ سے نکلا جا رہا ہے۔ اگر لڑائی زیادہ عرصہ طول پکڑتی ہے تو شام ٹکڑے ٹکڑے ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس کی فوجی معاونت سے بشارالاسد کی فوجیں حلب کا کنٹرول سنبھالتی ہیں تو شام کی سرزمین مزید غیر محفوظ ہو جائے گی۔