خبرنامہ انٹرنیشنل

لیبیا:فوج اور داعش کے درمیان جھڑپ،13 افراد زخمی

طرابلس:(آن لائن) فوج اور داعش کے جنگجوؤں کے درمیان جھڑپ میں 4 فوجیوں سمیت 13 افراد زخمی ہوئے۔ لیبیا کے مغربی شہر مسراتا سے 80 کلو میٹر دور اسداداکے علاقے میں فوج اور داعش کے جنگجوؤں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں ۔ لیبیا کی سیکیورٹی فورسز کی مزید بھاری نفری علاقے میں طلب کرلی گئی ہے،علاقے میں شدید فائرنگ اور دھماکوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ داعش کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ مسراتا سے ملحق کئی دیہات جن میں باغلہ،زمزم اور ابو نجم سمیت ابو گرین کا بھی علاقہ شامل ہے پر قبضہ کرلیا گیاہے۔ لیبیا میں اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ اتحادی حکومت دارالحکومت طرابلس میں قائم ہے ملک کے مختلف حصوں حکومت اپنی گرفت مضبوط بنانے کیلئے اتحادی افواج شدت پسندوں کیخلاف کارروائیاں کررہی ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمیشن کے مطابق لیبیا میں سیاسی اور امن وامان کی صورتحال انتہائی کشیدہ ہے،لیبیا کے سب ہی متحرک گروپ قتل عام اور انسانی حقوق کی پامالی میں مصروف ہیں۔