روم(آئی این پی )اٹلی کے وزیر خارجہ پاولو جینٹیلونی نے انکشاف کیا ہے کہ لیبیا میں داعش سے وابستہ جنگجووں کی تعداد پانچ ہزار کے لگ بھگ ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اٹلی کے وزیر خارجہ پاولو جینٹیلونی نے سینیٹ کو بتایا ہے کہ لیبیا میں داعش سے وابستہ جنگجووں کی تعداد پانچ ہزار کے لگ بھگ ہے۔داعش کے جنگجو لیبیا میں سرت کے علاقے تک ہی محدود ہیں لیکن وہاں سے وہ ہمسایہ ریاستوں میں دراندازی کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔وزیر خارجہ پاولو نے سینیٹ کو بتایا ہے کہ لیبیا میں اٹلی کی قیادت میں امن فورس کی تعیناتی کے سوا کسی فوجی کارروائی کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور اس امن فورس کی تعیناتی کے لیے بھی لیبیا میں قومی اتحاد کی حکومت کے قیام کے بعد اس کی جانب سے درخواست آنی چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ فوجی مداخلت مسئلے کا کوئی حل نہیں ہے۔لیبیا رقبے کے اعتبار سے اٹلی سے چھ گنا بڑا ملک ہے اور وہاں ملیشیاوں اور فوج کے درمیان دولاکھ مسلح افراد موجود ہیں۔