خبرنامہ انٹرنیشنل

لیبیا میں کشتی ڈوبنے سے پاکستانیوں سمیت 90 افراد کی ہلاکت کا خدشہ

لیبیا میں کشتی

لیبیا میں کشتی ڈوبنے سے پاکستانیوں سمیت 90 افراد کی ہلاکت کا خدشہ

کراچی:(ملت آن لائن)ملازمت کی غرض سے یورپ جانے والے تارکین وطن کی کشتی بحیرہ روم میں لیبیا کے ساحل کے قریب ڈوبنے سے بڑی تعداد میں پاکستانیوں سمیت 90 افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ لیبیا کے ساحل کے قریب تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 90 افراد ڈوب گئے۔ بین الاقوامی تنظیم برائے مہاجرین کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ 10 افراد کی لاشیں لیبیا کے ساحل سے تحویل میں لی گئیں جن میں 8 پاکستانی اور 2 لیبین باشندے شامل ہیں۔ 2 افراد نے تیر کر اپنی جان بچائی جب کہ ایک شخص کو مچھلی کا شکار کرنے والی کشتی نے بچایا۔ قبل ازیں مشرقی لیبیا کے علاقے زراوا کے سیکیورٹی حکام نے بتایا کہ انہوں نے بھی 2 لیبین اور ایک پاکستانی شہری کو بچایا ہے۔ کشتی حادثے میں بچ جانے والے افراد نے رضا کاروں کو بتایا کہ ڈوبنے والی کشتی میں زیادہ تر پاکستانی سوار تھے جو شمالی افریقا کے ذریعے اٹلی جا رہے تھے۔ اس حادثے کے علاوہ رواں برس اب تک یورپ جانے کی کوشش میں 218 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ خیال رہے کہ بحیرہ روم کے ذریعے مختلف ممالک سے تارکین وطن کی بڑی تعداد نوکریوں کی غرض سے ترکی، یونان اور یورپی ممالک کا سفر کرتی ہے اور اس کوشش کے دوران اکثر و بیشتر کشتی ڈوبنے کے واقعات بھی پیش آتے ہیں جن میں متعدد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔