مائیک پومپیو نے امریکی وزیر خارجہ کے عہدے کا حلف اُٹھا لیا
واشنگٹن:(ملت آن لائن) امریکا کے نئے وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا۔ مائیک پومپیو نے امریکا کے 70 ویں وزیر خارجہ کی حیثیت سے حلف اُٹھا لیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ماہ سابق وزیر خارجہ کو ریکس ٹیلر سن کو برطرف کر کے مائیک پومپیو کو نامزد کیا تھا جو اس سے قبل ڈائریکٹر سی آئی اے کے عہدے پر فرائض انجام دے رہے تھے۔
مائیک پومپیو کی بطور وزیر خارجہ نامزدگی کے بعد ٹرمپ انتظامیہ کو کافی دباؤ کا سامنا تھا تاہم حکمراں جماعت ریپبلکن پارٹی نے عددی اکثریت کی بنیاد پر مائیک پومپیو کو منتخب کر لیا گیا۔ انہیں اپوزیشن جماعت ڈیمو کریٹک پارٹی کے پانچ ارکان نے بھی ووٹ دیئے یوں وہ سینیٹ میں 57 میں سے 42 ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی کابینہ میں اکھاڑ پچھاڑ کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کو اختلافات کے باعث برطرف کردیا تھا اور ان کی جگہ امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے سابق ڈائریکٹر مائیک پومپیو کو نامزد کیا تھا جو مسلمانوں کے خلاف جارحانہ عزائم اور سخت گیر رویہ رکھنے کے لیے شہرت رکھتے ہیں۔