خبرنامہ انٹرنیشنل

مالدیپ نےایران کےساتھ تعلقات منقطع کرلیے

مالے:(اے پی پی) مالدیپ نے ایران کے ساتھ اپنے سفارت تعلقات منقطع کردینے کا اعلان کیا ہے۔ وزارت خارجہ کی جانب سے ٹویٹر پر سرکاری اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران مشرق وسطی اور خلیج عرب میں امن و سلامتی کے حوالے سے منفی کردار ادا کر رہا ہے۔مالدیپ کی جانب سے یہ اقدام خلیجی ممالک اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کی روشنی میں سامنے آیا ہے۔ اس سے قبل سعودی عرب نے تہران اور مشہد میں سفارتی مشنوں پر حملوں اور عمارتوں کو نذرآتش کیے جانے کے بعد ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرلیے تھے۔بعد ازاں بحرین، امارات، کویت اور قطر نے بھی سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کے طور پر سفارتی اقدامات کیے۔ امارات نے ایران میں اپنی سفارتی نمائندگی کو کم کرتے ہوئے ناظم الامور کی سطح تک کردیا جب کہ امارات میں ایرانی سفارت کاروں کی تعداد بھی کم کردی گئی۔