خبرنامہ انٹرنیشنل

مالدیپ کے سیاسی بحران پر مودی اور ٹرمپ کا ٹیلی فونک رابطہ

مالدیپ کے سیاسی بحران پر مودی اور ٹرمپ کا ٹیلی فونک رابطہ

واشنگٹں:(ملت آن لائن) مالدیپ کے سیاسی بحران پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور بھارتی ہم منصب نریندر مودی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا اور دونوں رہنماؤں نے وہاں کی صورتحال پر تحفظات کا اظہار کیا۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر اور بھارتی ہم منصب کے درمیان رواں سال کا یہ پہلا ٹیلی فونک رابطہ ہے جس کے دوران مالدیپ کے سیاسی بحران سمیت افغانستان، میانمار اور شمالی کوریا کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے مالدیپ کے سیاسی بحران پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور جمہوریت کے احترام اور قانون کی بالادستی پر زور دیا۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق دونوں سربراہان نے گفتگو کے دوران خطے کی خوشحالی اور سیکیورٹی کے لئے تعاون مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا جب کہ صدر ٹرمپ نے جنوبی ایشیا سے متعلق نئی پالیسی اور افغانستان کے استحکام کے عزم کا اعادہ کیا۔ خیال رہے کہ مالدیپ میں سیاسی بحران نے اس وقت سر اٹھایا جب یکم فروری کو اعلیٰ عدالت نے اپنے ایک فیصلے میں گرفتار اپوزیشن رہنماؤں کی رہائی کا حکم دیا جسے حکومت نے ماننے سے انکار کردیا۔ صدر عبداللہ یامین نے پارلیمنٹ کو معطل کرتے ہوئے ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کی جس کے چند گھنٹے بعد چیف جسٹس عبداللہ سعید اور ایک اور جج علی حمید کو سیکیورٹی فورسز نے حراست میں لیا جس پر اپوزیشن کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا۔ دوسری جانب جلاوطن سابق صدر محمد نشید نے بھارت سے سیاسی بحران کے حل کے لئے فوجی مدد طلب کی۔