خبرنامہ انٹرنیشنل

مالی؛ خودکش حملہ، اہلکاروں سمیت 50 افراد ہلاک

باماکو: (ملت+اے پی پی) افریقی ملک مالی میں فوجی کیمپ پر کار سوار خود کش حملہ آور کے حملے کے نتیجے میں فوجیوں سمیت 50 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ مغربی افریقی ملک مالی کے شمالی شہر گاؤ میں کار میں سوار خود کش حملہ آور نے فوجی بیس میں داخل ہونے کے بعد خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں فوجیوں اور عام شہریوں سمیت 50 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ حملے کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جب کہ چھٹی پرجانے والے تمام ڈاکٹروں اور عملے کو فوری طور پر طلب کرتے ہوئے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی۔ ملٹری حکام کے مطابق حملہ آور نے مقامی وقت کے مطابق دن ڈیڑھ بجے خود کو ملٹری بیس کے اندر دھماکے سے اڑایا جس میں بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوئیں جب کہ زخمیوں میں سے بھی کئی کی حالت تشویشناک ہے جن کی جان بچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔