خبرنامہ انٹرنیشنل

مالی: اقوام متحدہ کی امن فوج پرحملہ، 5 فوجی ہلاک

بماکو/ نیویارک(آئی این پی)افریقی ملک مالی کے وسطی علاقے میں مسلح افراد کے حملے میں اقوام متحدہ کے امن قائم کرنے والے 5 فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ،اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق مالی کے وسطی علاقے میں مسلح افراد کے حملے میں اقوام متحدہ کے 5 امن فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ہلاک ہونے والے فوجیوں کا ٹوگو سے تعلق تھا اور یہ اپنی گاڑی میں موپٹی علاقے میں سفر کر رہے تھے جہاں بارودی سرنگ سے ٹکڑانے سے قبل ان پر فائرنگ کی گئی تھی۔یہ علاقہ میسینا لبریشن فرنٹ کے مضبوط گڑھ کے طور پر معروف ہے اور اس تنظیم کا تعلق القاعدہ سے بتایا جاتا ہے۔اسلام پسندوں اور طوراق جنگجوں کی جانب سے بغاوت کے بعد مالی میں استحکام کے لیے اقوام متحدہ کا مشن 2013 میں قائم کیا گیا تھا۔ملک کے شمالی اور وسطی علاقوں میں اقوام متحدہ کے امن قائم کرنے والے فوجیوں پر اکثر حملے ہوتے رہتے ہیں۔ابھی تک کسی بھی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔یہ حملہ سیوارے شہر کے قریب اقوام متحدہ کے پیس کیپرز کے بین الاقوامی دن کے موقعے پر ہوا۔ گذشتہ سال 16 ممالک میں اقوام متحدہ کے امن بحال کرنے والے 120 فوجی امن بحال کرنے کی کارروائیوں میں ہلاک ہوئے ہیں۔مالی کی سابق سامراجی قوت فرانس نے جنوری 2013 میں ملک میں اس وقت مداخلت کی تھی جب باغیوں نے شمالی علاقوں کو قبضے میں لے لیا تھا اور دارالحکومت بماکو کے لیے خطرہ پیدا ہو گیا تھا۔اسی سال جولائی میں اقوام متحدہ کی فوج نے شمالی شہروں کی بازیابی کے بعد سکیورٹی کی ذمہ داری اپنے ہاتھوں میں لے لی تھی۔دوسری جانب اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری نے مالی میں امن فوجیوں پر حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔