خبرنامہ انٹرنیشنل

متحدہ ارب فریقوں سے زمینی و فضائی حملے فوری بند کرنے کی اپیل

متحدہ ارب فریقوں سے زمینی و فضائی حملے فوری بند کرنے کی اپیل
اقوام متحدہ:(ملت آن لائن) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترش نے یمن میں تمام متحارب فریقوں سے زمینی و فضائی حملے فوری بند کرنے کی اپیل کی ہے۔ سیکرٹری جنرل کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے یمنی دارالحکومت صنعا اور ملک کے دیگر حصوں میں تیزی سے پھیلتے مسلح تصادم پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس تصادم کے نتیجہ میں روزانہ درجنوں افراد جن میں عام شہری بھی شامل ہیں ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہورہے ہیں اور عام شہریوں کی نقل و حرکت میں رکاوٹیں پیدا ہو رہی ہیں۔ ان رکاوٹوں کی وجہ سے دارالحکومت صنعا میں بھی لوگوں کو بنیادی اور زندگی چلنے والی خدمات کی فراہمی بھی متاثر ہو رہی ہے۔ طبی اور امدادی ٹیموں کے ارکان اور ایمبولینسز زخمیوں تک نہیں پہنچ پارہے ہیں، لوگوں کی ضروری اشیاء تک رسائی ختم ہوچکی ہے۔ امدادی اداروں کے ارکان بھی سفر نہیں کرسکتے، نہ ہی وہ ان لوگوں تک پہنچ سکتے ہیں جن کی زندگیاں امداد سے بچائی جاسکتی ہیں، مسلح جٖھڑپوں میں اضافہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب یمن میں پہلے ہی انسانی بحران موجود ہے۔ یمنی شہریوں کو خوراک اور ایندھن کے حصول اور صحت کی سہولیات تک رسائی میں سخت دشواریوں کا سامنا ہے اور بنیادی ضروری اشیاء انتہائی مہنگی ہوچکی ہیں۔عالمی ادارے کے سربراہ نے کہا کہ یمن میں تجارتی درآمدات فوری شروع کی جائیں کیونکہ اس کے بغیر لاکھوں بچوں، خواتین اور مردوں کیلئے شدید غذائی قلت پیدا ہونے ہونے کے ساتھ ساتھ امراض پھیلنے کا بھی خطرہ ہے۔ انہوں نے متحارب یمنی فریقوں سے بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عام شہریوں کی جانوں کا تحفظ، زخمیوں کو طبی سہولتوں تک محفوظ رسائی اور ضرورت مند افراد تک امداد کا پہنچانا بے حد ضروری ہے۔ اس وقت دو کروڑ سے زیادہ یمنی شہریوں کو فوری امداد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یمن کے تنازعہ کا کوئی فوجی حل موجود نہیں اور تمام فریقوں کو اس کے سیاسی حل کیلئے فوری مذاکرات شروع کرنا چاہییں۔