خبرنامہ انٹرنیشنل

متحدہ عرب امارات، پاکستانیوں کے لیے کیریکٹر سرٹیفکیٹ کی شرط معطل

متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات، پاکستانیوں کے لیے کیریکٹر سرٹیفکیٹ کی شرط معطل

اسلام آباد:(ملت آن لائن) متحدہ عرب امارات نے پاکستانی مزدوروں کے لیے پولیس کیریکٹر سرٹیفکیٹ کی شرط ختم کردی۔ تفصیلات کے مطابق یو اے ای میں ملازمت کے حصول کے لیے جانے والے پاکستانی مزدوروں کی بڑی مشکل اب حل ہوگئی ہے، متحدہ عرب امارات نے پاکستانیوں کے لیے کیریکتر سرٹیفکیٹ کی شرط معطل کردی ہے۔ بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کی انتھک محنت اور کوششوں کی وجہ سے یہ شرط معطل کی گئی ہے، یو اے ای میں ملازمت حاصل کرنے کے خواہش مند افراد اب پرانے طریقے سے درخواستیں جمع کرواسکیں گے۔ واضح رہے کہ رواں برس متحدہ عرب امارات کی جانب سے ایک نیا قانون نافذ کیا گیا تھا جس میں وہاں جانے والے پاکستانی افراد کو ویزے کے حصول کے لیے پولیس کیریکٹر سرٹیفکیٹ حاصل کرکے اسے پاکستانی وزارت خارجہ اور متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے سے تصدیق کروا کر دستاویزات کے ساتھ منسلک کرنا تھا دوسری صورت میں ان کی درخواست خارج کردی جاتی تھی۔ ان کڑی شرائط کے باعث یو اے ای جانے کے خواہش مند افراد اور اوورسیز پروموٹرز کافی پریشانی سے دوچار ہوگئے تھے اور ان کے وقت کا بہت ضیاع ہورہا تھا۔ پاکستانی بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے اعدادو شمار کے مطابق ان اقدامات کی وجہ سے یو اے ای میں ملازمت کے لیے جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں خاصی کمی واقع ہوئی تھی۔