خبرنامہ انٹرنیشنل

متحدہ عرب امارات کی سعودی عرب پر میزائل حملوں کی مذمت

متحدہ عرب امارات کی سعودی عرب پر میزائل حملوں کی مذمت
ابو ظہبی: (ملت آن لائن)متحدہ عرب امارات نے ایک بار پھر سعودی عرب پر میزائل حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ میزائل حملے خطرناک جارحیت ہے۔عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے خارجہ امور ڈاکٹر انور قرقاش نے ابوظہبی میں ہونے والی چوتھی تزویراتی کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض پر داغا جانے والا بیلسٹک میزائل یمن سے حوثیوں نے فائر کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس بڑھتی جارحیت کے سامنے عرب دنیا خاموش تماشائی نہیں رہے گی۔ یمن میں آئینی اور دستوری حکومت کی رٹ قائم کرنا عرب اتحاد کی ذمہ داری ہے اور ہم سعودی عرب کی قیادت میں یہ مشن اپنی منطقی انجام تک جاری رکھیں گے۔انور قرقاش کا کہنا تھا کہ یمن میں حوثیوں کی شکل میں ایک نئی حزب اللہ کا ظہور نہیں ہونے دیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ عرب ممالک کے پاس بڑھتے خطرات کی روک تھام کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کا بہترین موقع ہے اور عرب ممالک نے داعش کو عسکری اور فکری طور پر کچلنے کا عزم کیا ہے۔