خبرنامہ انٹرنیشنل

متحرک پاکستان کےلیےامریکہ پاکستانی عوام کےساتھ مل کرکام کرےگا: جان کیری

واشنگٹن:(اے پی پی)امریکی و زیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ آزادی کے بعد سے پاکستان نے سلامتی کی صورت حال کو بہتر بنانے، معاشی استحکام اور جمہوری اصولوں کے ثمرات عام لوگوں تک پہنچانے کے لیے سخت محنت کی ہے ۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق یہ بات جان کیری نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی ہے ۔امریکی وزیرخارجہ نے اپنے ملک کی طرف سے اس عزم کو دہرایا کہ ایک متحرک پاکستان کے لیے امریکہ پاکستانی عوام کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔اْنھوں نے کہا کہ صدر براک اوباما اور امریکہ عوام کی طرف سے پاکستانی عوام کے لیے انہوں نے نیک خواہشات کا پیغام بھیجا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق جان کیری نے کہا کہ آزادی کے بعد سے پاکستان نے سلامتی کی صورت حال کو بہتر بنانے، معاشی استحکام اور جمہوری اصولوں کے ثمرات عام لوگوں تک پہنچانے کے لیے سخت محنت کی ہے ۔اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ اس موقع پر امریکہ پاکستان کی آزادی کی خوشیوں میں شریک اور ہم اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ پاکستان کو متحرک بنانے کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ گزشتہ ہفتے کے دوران پاکستانی امریکن کانگریس نے کیپٹل ہل میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جس میں بھارت کے زیر انتظام کشمیر کی صورت حال پر امریکی قانون سازوں کو آگاہ کرنا تھا۔