خبرنامہ انٹرنیشنل

متعدد فلسطینی گروہوں کی امریکی فیصلے کی شدید مذمت

کینیڈین قادری۔ پاک امریکہ

متعدد فلسطینی گروہوں کی امریکی فیصلے کی شدید مذمت
غزہ ۔ 25 فروری (اے پی پی) متعدد فلسطینی تنظیموں اور گروہوں نے امریکی سفارتخانہ تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کرنے کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے پر عمل درآمد کو خطے کے امن کے لئے سخت نقصان دہ قرار دیا ہے ۔امریکی وزارت خارجہ نے جمعے کو اعلان کیاتھا کہ چودہ مئی دو ہزار اٹھارہ کو امریکی سفارتخانہ، تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کر دیا جائے گا۔ چودہ مئی سرزمین فلسطین پر غاصب صیہونی حکومت کے قبضے کا دن ہے جو یوم نکبہ کے نام سے مشہور ہے۔ جہاد اسلامی فلسطین نے کہا ہے کہ امریکا کا یہ اعلان ظاہر کرتا ہے کہ امریکی حکومت صیہونی حکومت کے دہشت گردانہ اقدامات کی حمایت کر کے خطے کے امن و استحکام کو ختم کرنے پر مصر ہے۔ ایران ٹی وی کے مطابق جہاد اسلامی فلسطین نے ایک بیان جاری کر کے اعلان کیا ہے کہ یوم نکبہ، تاریخ کے گھناؤنے ترین مجرمانہ اقدام کی یاد دلاتا ہے اور موجودہ امریکی حکومت کی جانب سے اپنا سفارت خانہ تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کرنے کے لئے اس دن کا انتخاب، صیہونیوں کو فلسطینیوں کے خلاف اس جرم کے ارتکاب کا انعام دینے کے مترادف ہے۔فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس نے بھی اعلان کیا ہے کہ فلسسطینی عوام تحریک مزاحمت کو وسیع تر کر کے امریکا کے اس اشتعال انگیز اعلان کا جواب دیں گے۔فلسطین کی قومی جدت عمل تحریک کے سیکریٹری جنرل مصطفی البرغوثی نے بھی امریکی وزارت خارجہ کے اس اعلان کو اشتعال انگیز قرار دیا ہے۔انھوں نے کہا ہے کہ تنظیم آزادی فلسطین کو امریکی حکومت کے اس فیصلے کا فوری جواب دینا چاہئے۔ محمود عباس کی قیادت میں فلسطینی انتظامیہ نے بھی امریکی حکومت کے اس اعلان کی مذمت کی ہے۔