اقوام متحدہ (آئی این پی/شنہوا)اقوام متحدہ میں چینی خصوصی نمائندے نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر امن کے لئے کی جانے والی کوششو ں میں ان ملکوں کی ضروریات کو پیش نظر رکھا جائے جن کے درمیان تنازعات موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ علاقائی تنازعات روایتی اور غیر روایتی سلامتی کے لئے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے ، بعض ممالک کے درمیان موجود تنازعات اس قدر سنگین صورت اختیار کر سکتے ہیں کہ وہ دوبارہ جنگ کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ امن کی بحالی ، ماضی میں حاصل کی گئی مجموعی کامیا بیوں کی روشنی میں مستقل امن کی تلاش کے لئے را ہیں متعین کرنا اقوام متحدہ کے سامنے اہم ٹاسک ہیں ۔انہوں نے کہا کہ متحارب ملکوں کی ضروریات مختلف ہیں جبکہ خود اس ملک کے اندر امن کی بحالی کے لئے ضروریات اور ترجیحات میں تبدیلی ہوتی رہتی ہے ۔انہوں نے تجویز کیا کہ امن کے منصوبے ترتیب دیتے وقت اس ملک کے اپنے حالات اور شرائط کو بھی مد نظر رکھا جائے اور جب بھی ایسا منصوبہ بنایاجائے تو اس میں پہلے سے تیار کئے گئے منصوبے میں موجود حالات کو بھی شامل کرنے کی گنجائش رکھی جائے ۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امن کے لئے کی جانے والی کوششوں میں میزبان ملک کو اہمیت دی جائے اور عالمی برادری کو متحارب ممالک کی قیادت اور خود مختار ی کا احترام کرنا چاہئے اور ان ملکو ں کے مفادات کا پورا پورا خیال رکھا جانا چاہئے ۔