خبرنامہ انٹرنیشنل

مسجد الحرام میں خطبات کا تین نئی زبانوں میں ترجمہ

ریاض (آئی این پی )مسجد الحرام میں زائرین کی سہولت کے لیے ترکی، فارسی اور ھوسا زبان میں ترجمہ کرنے کا اعلان کیا گیا ۔ مکہ مکرمہ (ویب ڈیسک) مسجد الحرام میں ہونے والے خطبات کی عربی کے علاوہ دیگر زبانوں میں ترجمے کے پروگرام کے تیسرے مرحلے کے تحت خطبات، لیکچرز اور اصول و قوائد کا ترکی، فارسی اور ھوسا زبان میں ترجمہ کیا جائے گا۔ خادم الحرمین شریفین انسٹی ٹیوٹ برائے حج اور عمرہ ریسرچ نے اس منصوبے پر کام شروع کردیا ہے۔ مسجد الحرام میں ترجمے کے شعبے کے ڈائریکٹر ولید الصقعبی کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کے نتیجے میں ان ہزاروں زائرین کو فائدہ پہنچے گا جو کہ ترکی، فارسی اور ھوسا زبان جانتے ہیں ، ان کا کہنا تھا اس سہولت سے ان افراد کو جمعے کے خطبات اور دیگر لیکچرز کو سمجھنے میں آسانی ہو گی۔ انسٹی ٹیوٹ کی طرف سے اس سے پہلے انگریزی، فرانسیسی، مالے اور اردو زبان میں خطبات کے ترجمے کے لئے اقدامات کی جا چکے ہیں۔ الصقعبی کا کہنا تھا ہماری جانب سے خدا کے گھر میں آئے مہمانوں کے لئے ترجمے کی خدمات مہیا کرنے کی کوششیں جاری رہیں گی۔ حرمین شریفین کے جملہ امور شیخ عبدالرحمان السدیس کی جانب سے اس منصوبے کی سربراہی کے لئے ایک کمیٹی قائم کر دی ہے جس میں ام القراء ، شاہ عبدالعزیز اور امام محمد بن سعود یونیورسٹیوں سے تعلق رکھنے والے اسکالرز شامل ہوں گے۔ شیخ السدیس کا کہنا تھا کہ “اس منصوبے کے تیسرے مرحلے مخصوص موقع کے علاوہ روز مرہ کی بنیاد پر بھی ترجمے کی سہولت فراہم کرنے کے لئے کام کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ خطبے کے مرکزی مواد، لیکچرز اور نئے قوائد کو سوشل میڈیا کے ذریعے زائرین تک پہنچانے کا اہتمام کیا جائیگا۔