خبرنامہ انٹرنیشنل

مسجد پر حملہ کرنے والا برطانوی شہری ہلاک ہوگیا

لندن:(ملت+اے پی پی) برطانوی شہری کیون کرہین جیل میں مردہ حالت میں پایا گیا جسے عدالت نے مسجد پر حملہ کرنے کا جرم ثابت ہونے پر ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔ برطانیہ کے شہر برسٹول کی مسجد پر حملے کے جرم میں ایک سال قید کی سزا پانے والا 35 سالہ برطانوی شدت پسند کیون کرہین بیرک میں مردہ حالت میں پایا گیا۔ کیون اس گروپ میں شامل تھا جس نے 17 جنوری کو برسٹول کے علاقے ٹوٹرڈاؤن میں جامعہ مسجد پرحملہ کیا تھا جس کے بعد عدالت نے 20 جولائی کو اپنے فیصلے میں کیون کو ایک سال قید اور جرم میں شریک 48 سالہ مارک پینیٹ کو 9 ماہ، 46 سالہ ایلی سَن پینیٹ کو 6 ماہ اور 31 سالہ انجلینا مارگریٹ کو 4 ماہ قید کی سزا سنائی تھی۔ جیل ترجمان نے مسجد پر حملہ کرنے والے مرکزی ملزم کیون کرہین کی بیرک میں موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیون کی موت سے متعلق کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے تاہم واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جاری ہیں۔گزشتہ چند سالوں سے برطانیہ میں مسلمانوں کے خلاف بعض نسل پرست گروپ سرگرم ہیں اور مساجد پر حملوں کے متعدد واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔